اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے تیار کی گئی مجوزہ تجویز میں تبدیلیاں کرتے ہوئے بعض شرائط کو مزید سخت بنا دیا ہے اور نظرِ ثانی شدہ مسودہ تہران کو بھجوا دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس مجوزہ منصوبے میں امریکہ اور اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کے خاتمے کے بدلے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی پر عائد بعض پابندیوں میں نرمی کی تجویز شامل ہے، تاہم ٹرمپ نے ایران کے منجمد اثاثوں کی رہائی سے متعلق شق پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق واشنگٹن کی تجاویز پر تہران کے ردعمل میں تاخیر کے باعث امریکی صدر نے علاقائی ثالثوں، جن میں پاکستان بھی شامل ہے، کے تعاون سے مسودے میں مزید ترامیم کرائی ہیں تاکہ ایران کو اس تجویز کی منظوری پر آمادہ کیا جا سکے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ تبدیلیاں مذاکراتی عمل کو مزید سست کر سکتی ہیں، کیونکہ ایران کے سیاسی نظام میں اہم فیصلوں کے لیے مشاورت اور منظوری کے مختلف مراحل طے کرنا ضروری ہوتا ہے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق ایران کے جوہری پروگرام جیسے پیچیدہ معاملات کو مذاکرات کے آئندہ مراحل تک مؤخر کیا جا سکتا ہے، جبکہ فوری توجہ کشیدگی میں کمی اور فریقین کے درمیان ابتدائی اتفاقِ رائے پیدا کرنے پر مرکوز رہے گی۔
سرخیاں:
آپ کا تبصرہ